![]() |
| آج دن کا دورانیہ تقریباً 14 سے 15 گھنٹے کے درمیان رہے گا |
اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا کے شمالی نصف کرے میں آج سال کا طویل ترین دن اور مختصر ترین رات ہے۔ اس فلکیاتی واقعے کو خط سرطان (Summer Solstice) کہا جاتا ہے، جس کے بعد موسم گرما کے حقیقی آغاز کو تصور کیا جاتا ہے
ماہرین کے مطابق اس وقت زمین کا شمالی قطب سورج کی جانب زیادہ جھکا ہوا ہوتا ہے، جس کے باعث سورج کی روشنی کا دورانیہ شمالی نصف کرے میں سال بھر کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہو جاتا ہے، جبکہ رات مختصر ترین ہوتی ہے۔
پاکستان میں مختلف علاقوں کے لحاظ سے آج دن کا دورانیہ تقریباً 14 سے 15 گھنٹے کے درمیان رہے گا، جبکہ امریکی ریاست الاسکا کے وسطی علاقوں میں سورج کی روشنی 21 گھنٹے سے بھی زیادہ برقرار رہے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ طویل ترین دن کی تاریخ ہر سال یکساں نہیں رہتی۔ 2024 میں یہ واقعہ 21 جون کو پیش آیا تھا جبکہ 2025 میں 22 جون کو سال کا سب سے طویل دن ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے بعد دن بتدریج چھوٹے ہونا شروع ہو جائیں گے اور دسمبر کے تیسرے عشرے میں شمالی نصف کرے میں سال کا مختصر ترین دن اور طویل ترین رات ہوگی۔
دوسری جانب جنوبی نصف کرے میں آج سال کا مختصر ترین دن اور طویل ترین رات ہے، جہاں موسم سرما کا باضابطہ آغاز تصور کیا جاتا ہے۔ براعظم انٹارکٹیکا کے جنوبی قطبی علاقے میں اس وقت 24 گھنٹے تاریکی چھائی ہوئی ہے۔
دنیا کے مختلف ممالک میں اس موقع پر خصوصی تقریبات اور روایات بھی منائی جاتی ہیں۔ یورپی ملک سوئیڈن میں اسے "مڈ سمر" کے نام سے جانا جاتا ہے، جہاں اس مناسبت سے میلوں اور ثقافتی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے، جبکہ برطانیہ کے تاریخی مقام اسٹون ہینج پر بھی بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو کر مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔
قدیم مصر میں اس موقع کو نئے سال کے آغاز کی علامت سمجھا جاتا تھا، جبکہ خط سرطان کو زرخیزی اور فصلوں کی بہتر نشوونما سے بھی منسلک کیا جاتا ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق عام تاثر کے برعکس موسم گرما میں زمین سورج کے قریب نہیں بلکہ نسبتاً دور ہوتی ہے۔ گرمی میں اضافے کی اصل وجہ زمین کے محور کا جھکاؤ ہے، جس کے باعث سورج کی شعاعیں شمالی نصف کرے پر زیادہ براہ راست پڑتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق خط سرطان کے بعد چند روز تک سورج تقریباً ایک ہی مقام پر دکھائی دیتا ہے، جس کے بعد اس کی ظاہری پوزیشن میں بتدریج تبدیلی آنا شروع ہو جاتی ہے۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں