![]() |
| کونسل کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا انعقاد 16 اگست 2026 بروز اتوار صبح 10 بجے کیا جائے گا، فائل فوٹو |
کراچی: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے منعقد ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2026 کے شیڈول اور رجسٹریشن پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔ کونسل کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا انعقاد 16 اگست 2026 بروز اتوار صبح 10 بجے کیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق امیدواروں کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز 22 جون سے ہوگا جو 8 جولائی تک جاری رہے گا، جبکہ لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن 13 جولائی تک کرائی جا سکے گی۔ پاکستان میں ایم ڈی کیٹ کی رجسٹریشن فیس 9 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ لیٹ رجسٹریشن فیس 13 ہزار روپے ہوگی۔ بین الاقوامی ٹیسٹ سینٹرز کے لیے رجسٹریشن فیس 45 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
کونسل نے واضح کیا ہے کہ تمام فیسیں ناقابل واپسی اور ناقابل منتقلی ہوں گی۔ سندھ میں ایم ڈی کیٹ کا انعقاد سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، پنجاب میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، خیبرپختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کے زیر انتظام ہوگا۔
اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور سعودی عرب کے شہر ریاض میں امتحان کا انعقاد شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے تحت کیا جائے گا۔ سندھ کے امیدوار کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ کے مراکز میں امتحان دے سکیں گے جبکہ پنجاب کے امیدوار 14 مختلف شہروں میں قائم مراکز میں ٹیسٹ میں شرکت کریں گے۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، مردان، سوات اور ایبٹ آباد سمیت 8 شہروں میں امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے جبکہ بلوچستان کے امیدوار کوئٹہ میں امتحان دیں گے۔ بین الاقوامی امیدواروں کے لیے ریاض میں خصوصی ٹیسٹ سینٹر قائم کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق ایک مرتبہ منتخب کیا گیا امتحانی مرکز بعد میں تبدیل نہیں کیا جا سکے گا۔ ایم ڈی کیٹ 180 کثیرالانتخابی سوالات پر مشتمل ہوگا اور اس میں نیگیٹو مارکنگ نہیں ہوگی، یعنی غلط جواب پر نمبر نہیں کاٹے جائیں گے۔
پی ایم ڈی سی نے ہدایت کی ہے کہ امیدوار ایم ڈی کیٹ پورٹل کے ذریعے اپنی آن لائن رجسٹریشن مکمل کریں کیونکہ نامکمل درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔ کونسل کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا سلیبس اور دیگر تفصیلات پی ایم ڈی سی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر امتحانی شیڈول میں تبدیلی کا اختیار بھی کونسل کے پاس محفوظ ہوگا۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں