واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کے لیے کئی نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن کے ذریعے چیٹس کو منظم کرنا، اسٹوریج خالی کرنا، متعدد اکاؤنٹس استعمال کرنا اور اے آئی کی مدد سے تصاویر اور پیغامات کو بہتر بنانا مزید آسان ہو جائے گا۔
واٹس ایپ کے مطابق نئے فیچرز کے ذریعے صارفین ایک ہی فون میں متعدد اکاؤنٹس استعمال کر سکیں گے، چیٹ ڈیلیٹ کیے بغیر اسٹوریج خالی کر سکیں گے اور iOS سے اینڈرائیڈ ڈیوائس پر چیٹ ہسٹری آسانی سے منتقل کر سکیں گے۔
اسٹوریج خالی کرنا اب آسان
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے چیٹس بڑھتی ہیں، اسٹوریج بھی بھر جاتی ہے۔ نئے فیچر کے تحت صارفین کسی بھی چیٹ میں جا کر "Manage Storage" کے ذریعے بڑی فائلز کو براہ راست تلاش اور حذف کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ صارفین مکمل چیٹ حذف کیے بغیر صرف تصاویر اور ویڈیوز بھی ڈیلیٹ کر سکیں گے جبکہ چیٹ ہسٹری محفوظ رہے گی۔
iOS سے Android میں چیٹ ٹرانسفر کی سہولت
نئے اپڈیٹ کے بعد صارفین اپنی چیٹ ہسٹری iOS سے Android ڈیوائس میں بھی منتقل کر سکیں گے۔ واٹس ایپ کے مطابق چند ٹیپس کے ذریعے صارفین اپنی گفتگو، تصاویر اور ویڈیوز آسانی سے نئے فون میں منتقل کر سکیں گے۔
ایک فون میں دو واٹس ایپ اکاؤنٹس
واٹس ایپ نے iOS صارفین کے لیے بھی ایک فون میں دو اکاؤنٹس استعمال کرنے کی سہولت متعارف کرا دی ہے، جو پہلے اینڈرائیڈ میں دستیاب تھی۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین بیک وقت ذاتی اور کاروباری اکاؤنٹس استعمال کر سکیں گے۔ صارفین کو یہ بھی واضح نظر آئے گا کہ وہ کس اکاؤنٹ پر ہیں کیونکہ نیچے پروفائل تصویر بھی دکھائی جائے گی۔
موڈ کے مطابق اسٹیکرز کی تجویز
واٹس ایپ نے اسٹیکرز کے استعمال کو مزید آسان بنانے کے لیے نیا فیچر شامل کیا ہے جس کے تحت ایموجی ٹائپ کرتے وقت متعلقہ اسٹیکرز کی تجاویز بھی سامنے آئیں گی تاکہ صارفین اپنی کیفیت بہتر انداز میں ظاہر کر سکیں۔
Meta AI کے ذریعے تصاویر میں بہتری
واٹس ایپ نے Meta AI کے ذریعے تصاویر کو بھی بہتر بنانے کا فیچر متعارف کرایا ہے۔ صارفین تصویر بھیجنے سے پہلے اس میں موجود غیر ضروری اشیاء ہٹا سکیں گے، بیک گراؤنڈ تبدیل کر سکیں گے یا مختلف اسٹائل بھی لگا سکیں گے۔ تاہم یہ فیچر تمام صارفین کے لیے فوری طور پر دستیاب نہیں ہوگا۔
اے آئی رائٹنگ ہیلپ بھی متعارف
واٹس ایپ نے اے آئی رائٹنگ ہیلپ کو بھی مزید بہتر بنایا ہے جس کے ذریعے صارفین کو گفتگو کے مطابق خودکار پیغام کی تجاویز دی جائیں گی تاکہ پیغام زیادہ مؤثر انداز میں لکھا جا سکے، جبکہ واٹس ایپ کے مطابق چیٹس مکمل طور پر نجی رہیں گی۔
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یہ تمام نئے فیچرز مرحلہ وار متعارف کروائے جا رہے ہیں اور جلد ہی دنیا بھر کے صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔



تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں