![]() |
| فوٹو:سکرین شاٹ |
آسٹریلیا میں آنے والے طاقتور سائیکلون ناریلے نے مغربی علاقوں میں غیر معمولی موسمی صورتحال پیدا کر دی، جہاں تیز ہواؤں اور گرد کے طوفان کے باعث آسمان اچانک سرخ رنگ میں تبدیل ہو گیا۔
جمعہ کے روز شارک بے کے علاقے سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ تیز ہوائیں شروع ہوتے ہی چند منٹوں میں دن کی روشنی مدھم پڑ گئی اور فضا میں سرخ رنگ کی گرد کے بڑے بادل پھیل گئے۔ آئرن سے بھرپور مٹی کے ذرات فضا میں بلند ہونے سے آسمان گہرے سرخ اور نارنجی رنگ میں تبدیل ہو گیا جبکہ حدِ نگاہ تقریباً ختم ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق کئی علاقوں میں گرد کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ لوگوں کو سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ حکام نے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی۔
عینی شاہدین نے اس منظر کو انتہائی غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے دن اچانک رات میں تبدیل ہو گیا ہو۔ بعض افراد کے مطابق ماحول اتنا سرخ اور دھندلا ہو گیا تھا کہ ہر چیز غیر حقیقی دکھائی دے رہی تھی۔
ماہرین موسمیات کے مطابق یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوتی ہے جب تیز ہوائیں زمین کی سطح سے آئرن آکسائیڈ سے بھرپور مٹی کو اٹھا کر فضا میں پھیلا دیتی ہیں۔ سورج کی روشنی جب ان سرخ ذرات سے گزرتی ہے تو آسمان کا رنگ سرخ یا نارنجی دکھائی دینے لگتا ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ سائیکلون کے اثرات کے باعث مزید گرد آلود طوفان اور تیز ہواؤں کا امکان موجود ہے، اس لیے
شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں