![]() |
| فوٹو: بشکریہ جیو نیوز |
لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور آج فائنل میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز آمنے سامنے ہوں گے، جہاں شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس بڑے مقابلے سے قبل شاندار اختتامی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں معروف گلوکار عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز اپنی پرفارمنس کے ذریعے شائقین کو محظوظ کریں گے۔
میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے جیت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہر کپتان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ٹرافی اٹھائے اور وہ بھی اسی جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ دوسری جانب حیدرآباد کنگز کے کپتان مارنس لبوشین نے کہا کہ ٹیم نے سخت مقابلوں کے بعد فائنل تک رسائی حاصل کی ہے اور وہ فیصلہ کن میچ میں بھی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
ادھر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں فائنل میچ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ شائقین کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور ایونٹ کو یادگار بنایا جائے۔ انہوں نے کرکٹ شائقین کو ہدایت کی کہ اختتامی تقریب سے بھرپور لطف اٹھانے کے لیے شام 6 بجے تک اسٹیڈیم میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔
فائنل کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیمیں متوازن اور مضبوط ہیں، اس لیے کسی ایک کو فیورٹ قرار دینا مشکل ہے۔ تاہم جو ٹیم دباؤ کو بہتر انداز میں سنبھالے گی اور اہم لمحات میں کارکردگی دکھائے گی، وہی ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب
ہو سکتی ہے۔
تاریخ میں پہلی بار فائنل جیتنے والی ٹیم کو 10 لاکھ ڈالر (تقریباً 27 کروڑ پاکستانی روپے) کی انعامی رقم دی جائے گی۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں