اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا الرٹ جاری کیا ہے۔ این ای او سی کے مطابق یہ موسمی صورتحال پہلے سے جاری کیے گئے اپریل تا جون کے موسمیاتی جائزے کے مطابق ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں مری، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجر خان، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لیہ، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، لاہور، فیصل آباد اور ساہیوال شامل ہیں۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری کا خدشہ بھی موجود ہے۔ ان میں چترال، دیر، سوات، کالام، مینگورہ، ملاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، پشاور، مردان، باجوڑ، پاراچنار، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، گھانچے، شگر اور کھرمنگ سمیت مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، حویلی، پونچھ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے سے بھی سیلابی ریلوں اور خطرناک صورتحال کا امکان ہے۔
شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں اچانک سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند ہونے اور آمدورفت متاثر ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ سیلابی پانی، کمزور پلوں اور خطرناک ڈھلوانوں سے دور رہیں اور محفوظ مقامات پر رہائش اختیار کریں۔
مزید ہدایت کی گئی ہے کہ مویشیوں اور قیمتی سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے۔ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران حدِ نگاہ کم ہونے اور سڑکوں کے پھسلن کا شکار ہونے کا بھی امکان ہے، جس سے ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے جبکہ شہریوں کو بروقت معلومات کے لیے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں