![]() |
| فوٹو: بشکریہ سی این این |
وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں کے اعزاز میں منعقد عشائیے میں فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کی شناخت سامنے آگئی ہے۔ خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت 31 سالہ کول تھامس ایلن کے نام سے ہوئی ہے، جو لاس اینجلس کا رہائشی اور سابق ٹیچر بتایا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق کول تھامس ایلن کیلٹیک کا گریجویٹ ہے اور پارٹ ٹائم ٹیچر کے ساتھ گیم ڈویلپر کے طور پر بھی کام کر رہا تھا۔
میڈیا بریفنگ میں واشنگٹن کی میئر نے بتایا کہ مسلح شخص ہوٹل کی لابی میں سیکرٹ سروس اہلکاروں کی جانب بڑھا، جہاں ایک اہلکار نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے روک لیا۔
پولیس چیف کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مشتبہ شخص واشنگٹن ہلٹن ہوٹل میں مہمان تھا، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملے کا مقصد کیا تھا اور اس کا اصل ہدف کون تھا۔
حکام نے بتایا کہ ہوٹل کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ حملہ آور اسلحہ کے ساتھ اندر کیسے داخل ہوا۔ ملزم کے قبضے سے ایک شاٹ گن، ایک ہینڈ گن اور متعدد چاقو برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم کو پیر کے روز عدالت میں فردِ جرم کے لیے پیش کیا جائے گا۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں