عباس عراقچی کی فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف سے علیحدہ علیحدہ اہم ملاقاتیں کیں، جن میں خطے کی مجموعی صورتحال، باہمی تعلقات اور سفارتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنی پہلی باضابطہ ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و استحکام اور سیکیورٹی تعاون سمیت اہم امور زیر بحث آئے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، مشیر برائے قومی سلامتی جنرل عاصم ملک، اور ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس بھی شریک تھے۔ ایرانی وفد میں نائب وزیر خارجہ غریب آبادی، اسلام آباد میں ایران کے سفیر امیری مقدم اور ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی بھی موجود تھے۔
بعد ازاں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وزیراعظم شہباز شریف سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران خطے میں جاری صورتحال، پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی روابط، سرحدی تعاون، اور علاقائی امن کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کی قیادت نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
یاد رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی گزشتہ روز مختصر وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے تھے۔ اپنے دورہ پاکستان کے اگلے مرحلے میں وہ عمان اور روس روانہ ہوں گے، جہاں وہ اہم سفارتی ملاقاتیں کریں گے۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں