بھارتی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران بڑا دھچکا لگا ہے، اوپننگ بلے باز ابھیشیک شرما معدے کے انفیکشن کے باعث اسپتال میں داخل ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نمیبیا کے خلاف اہم میچ میں ابھیشیک شرما کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت امریکا کے خلاف میچ سے قبل ہی ناساز تھی، تاہم میچ کھیلنے کے بعد ان کی حالت مزید خراب ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ معدے کے شدید انفیکشن کے باعث انہیں دہلی کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں تیز بخار کے باعث فوری طور پر ڈرپس لگائی گئیں۔ ڈاکٹروں کی جانب سے مختلف طبی ٹیسٹ بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ انفیکشن کی نوعیت اور شدت کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
ابھیشیک شرما نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہونے والے پریکٹس سیشن میں بھی شرکت نہیں کر سکے۔ تاحال یہ واضح نہیں کہ انہیں کب اسپتال سے ڈسچارج کیا جائے گا، جس کے باعث نمیبیا کے خلاف میچ میں ان کی دستیابی غیر یقینی ہے۔
بھارتی ٹیم مینجمنٹ نے احتیاطی اقدام کے طور پر واشنگٹن سندر کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
.jpg)
تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں