پنجاب کے تمام تعلیمی ادارے ہر جمعہ بند، ہفتے میں صرف 4 دن کلاسز
لاہور: ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے کل بروز جمعہ بند رہیں گے جبکہ اگلے نوٹس تک ہر جمعہ کو چھٹی برقرار رہے گی۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب میں جمعہ کے علاوہ ہفتہ اور اتوار کو پہلے ہی چھٹی ہوتی ہے، جس کے باعث اب ہفتے میں صرف چار دن تعلیمی ادارے کھلیں گے جبکہ تین دن تعطیلات ہوا کریں گی۔
فیصلے کا اطلاق صوبے بھر کے سرکاری و نجی کالجز، یونیورسٹیز اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں پر ہوگا۔ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ طلبہ، اساتذہ اور عملے کو فوری طور پر نئی صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ حالات، اور تعلیمی شیڈول کو بہتر بنانے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی سرگرمیوں میں کسی قسم کا خلل نہ آئے اس کے لیے ادارے متبادل شیڈول ترتیب دیں گے اور اضافی کلاسز بھی رکھی جا سکتی ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگلے نوٹس تک ہر جمعہ کو چھٹی برقرار رہے گی جبکہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا۔ اگر ضرورت پیش آئی تو اس فیصلے میں تبدیلی کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔
اس فیصلے کے بعد صوبے بھر میں لاکھوں طلبہ و طالبات کو ہفتے میں تین دن تعطیلات میسر ہوں گی جبکہ تعلیمی سرگرمیاں پیر سے جمعرات تک معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں