![]() |
| فوٹو:فائل |
ملک بھر میں بارشیں اور بالائی علاقوں میں برفباری، مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق، موسم پھر سرد ہوگیا
ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث موسم میں اچانک سردی بڑھ گئی ہے۔ کئی علاقوں میں موسلادھار بارش، ژالہ باری اور برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، کوہلو اور نصیرآباد میں تیز بارش اور ژالہ باری کے بعد بعض مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رہیں اور متعلقہ اداروں نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مدد فراہم کی۔
ادھر آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، وادی ناران، سوات اور زیارت کے پہاڑی علاقوں میں اپریل کے مہینے میں برفباری نے موسم کو مزید سرد کر دیا۔ پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سیاحتی مقامات پر سردی کی شدت بڑھ گئی۔
دوسری جانب سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ ڈیرہ غازی خان اور فورٹ منرو میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جس کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سوات، ایبٹ آباد، مالاکنڈ، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم، خیبر، لوئر دیر، صوابی اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی بارش ہوئی۔ پشاور میں بعض مقامات پر نالوں کا پانی سڑکوں پر آ گیا جس سے ٹریفک متاثر ہوئی۔ مختلف حادثات کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 19 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران مزید بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں