اسلام آباد میں 9 اور 10 اپریل کو مقامی تعطیل کا اعلان، سفارتی سرگرمیوں کے باعث سیکیورٹی ہائی الرٹ
اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں 9 اور 10 اپریل 2026 (جمعرات اور جمعہ) کو مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس دوران اسلام آباد کی ریونیو حدود میں تمام سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تعطیل کا فیصلہ دارالحکومت میں متوقع اعلیٰ سطح کی سفارتی سرگرمیوں اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ اگرچہ باضابطہ نوٹیفکیشن میں کسی مخصوص تقریب کا ذکر نہیں کیا گیا، تاہم ذرائع کے مطابق اہم بین الاقوامی وفود کی آمد متوقع ہے۔
اعلان کے مطابق تعطیل کے باوجود ضروری خدمات فراہم کرنے والے ادارے معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے، جن میں ضلعی انتظامیہ، اسلام آباد پولیس، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA)، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (MCI)، ہسپتال، طبی مراکز، آئیسکو (IESCO) اور سوئی ناردرن گیس (SNGPL) شامل ہیں۔
اس فیصلے کے بعد شہریوں کو ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات سمیت مسلسل چار روز کی چھٹیاں میسر آئیں گی۔
دوسری جانب اسلام آباد ٹریفک پولیس نے سیکیورٹی انتظامات کے تحت خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق ریڈ زون کی طرف جانے والے اہم راستے بشمول ایکسپریس گیٹ (ڈی چوک)، میریٹ گیٹ اور نادرا گیٹ عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گے، جبکہ شہریوں کو متبادل کے طور پر مارگلہ گیٹ اور سرینا گیٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق پرانے ایئرپورٹ سے ریڈ زون تک وفود کی آمد و رفت کے دوران کسی بھی وقت سڑکیں عارضی طور پر بند کی جا سکتی ہیں۔ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ساتھ اصل شناختی کارڈ لازمی رکھیں کیونکہ شہر کے مختلف مقامات پر چیکنگ کا عمل جاری رہے گا۔
حکام نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز اور سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کی اپیل کی ہے۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں