اسلام آباد میں رہائشی اور کمرشل پراپرٹی کی سرکاری ویلیوایشن میں نمایاں تبدیلی کر دی گئی ہے، جس کے تحت مختلف علاقوں میں جائیداد کی قیمتوں میں 30 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق پانچ سال تک پرانی عمارتوں کی قیمت 3 ہزار روپے فی مربع فٹ سے کم ہو کر 2500 روپے فی مربع فٹ مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ پانچ سال سے زائد پرانی عمارتوں کی ویلیو 1500 روپے سے کم کر کے 1200 روپے فی مربع فٹ کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں بھی جائیداد کی سرکاری قیمتوں میں بڑی کمی کی گئی ہے۔ بی-17، سی-14 اور سی-15 سیکٹرز میں پلاٹس کی ویلیوایشن کم کر دی گئی ہے، جبکہ ڈی-12 میں فلیٹس اور کمرشل پراپرٹی کے ریٹس بھی نیچے آ گئے ہیں۔
اسی طرح جی-13 سے جی-17 تک کے سیکٹرز میں بھی پراپرٹی کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔ مارگلہ ٹاؤن، چک شہزاد اور بنی گالا جیسے علاقوں میں بھی سرکاری ریٹس کم کر دیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر مختلف علاقوں میں سرکاری پراپرٹی ریٹس میں واضح کمی کے بعد جائیداد مارکیٹ پر بھی اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے، تاہم بلیو ایریا اور چند بڑے کمرشل زونز میں قیمتیں زیادہ تر برقرار رکھی گئی ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس فیصلے کے بعد جائیداد کی خرید و فروخت، ٹیکس نظام اور مارکیٹ کی سرگرمیوں پر براہ راست اثر پڑ سکتا ہے۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں