![]() |
| سمارٹ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر دکانیں سیل |
نارووال:سمارٹ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر دکانیں سیل، جرمانے عائد
نارووال: پنجاب حکومت کے سمارٹ لاک ڈاؤن کے احکامات کی خلاف ورزی پر نارووال پیرا فورس کی جانب سے 15 کاروبار سیل، 69 شہریوں کو بھاری جرمانے کیے گئے۔
پیرا ڈسٹرکٹ آفیسر فیصل ندیم نے میڈیا کو بتایا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات پر سمارٹ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیرا فورس کی ٹیموں نے گزشتہ دو دنوں میں حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والی 15 دکانوں اور کاروباری مقامات کو سیل کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ٹیموں نے 17 دکانوں کے چالان بھی کیے اور 87500 روپے جرمانہ بھی کیا۔
مزید برآں انہوں نے کہا کہ پیرا حکام نے شہریوں سے زائد منافع وصول کرنے والے 32 دکانداروں کے چالان کیے اور 104000 روپے جرمانہ وصول کیا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات پر 20 دکانداروں کو 61500 روپے جرمانہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جرمانے کی کل رقم 253,000 روپے پنجاب حکومت کے خزانے میں جمع کرائی گئی ہے۔
ندیم نے کہا کہ وہ پنجاب حکومت کے سمارٹ لاک ڈاؤن کے احکامات اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر 100 فیصد عملدرآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔
انہوں نے دکانداروں اور تاجروں کو خبردار کیا کہ وہ اپنی دکانیں بروقت بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں