امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید برفانی طوفان کے خدشے کے باعث حکام نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ طوفان اتوار کو مشرقی ساحل کے قریب خطرناک بم سائیکلون میں بھی تبدیل ہو سکتا ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اس طوفان سے نیویارک سٹی، بوسٹن، فلاڈیلفیا اور دیگر بڑے شہروں میں شدید برف باری ہونے کا امکان ہے، جہاں ایک فٹ یا اس سے زیادہ برف جمع ہو سکتی ہے۔
برفانی طوفان کی وارننگ ڈیلاویئر، مشرقی میری لینڈ، نیوجرسی، نیویارک سٹی اور جنوبی نیو انگلینڈ تک جاری کر دی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 2017 کے بعد پہلی بار نیویارک سٹی کے لیے باقاعدہ برفانی طوفان کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جو اس طوفان کی شدت کو ظاہر کرتی ہے۔
نیویارک، فلاڈیلفیا اور بوسٹن کے ایئرپورٹس پر پروازیں متاثر ہونے کا امکان ہے، اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اورغیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
شدید برف باری اور تیز ہواؤں کی وجہ سے نظامِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ہواؤں کی رفتار 40 میل فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے، جس کے نتیجے میں درخت گرنے اور بجلی کی فراہمی معطل ہونے کا خطرہ بھی ہے۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں