سعودی عرب اور پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور نے حج 2026ء کے لیے سخت ترین طبی ضوابط نافذ کر دیے ہیں، جس کے تحت بیمار یا کمزور عازمین کو حج پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ان قوانین کے تحت نہ صرف بیمار افراد حج پر سفر نہیں کر سکیں گے بلکہ اگر وہ سعودی عرب پہنچ بھی جائیں تو فوری طور پر وطن واپس بھی بھیج دیے جائیں گے۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج 2026ء میں صرف وہی افراد سفر کر سکیں گے جو مقررہ طبی معیار کے مطابق مکمل صحت مند ہوں۔
پابندیوں میں شامل افراد:
گردے کے مریض اور ڈائیلاسز کرانے والے
دل کے امراض میں مبتلا افراد
پھیپھڑوں اور جگر کے مریض
شدید اعصابی یا نفسیاتی بیماریوں میں مبتلا افراد
یادداشت کی کمزوری، ڈیمنشیا، الزائمر، رعشے اور شدید معذوری والے افراد
حاملہ خواتین
کالی کھانسی، تپ دق، وائرل ہیمرجک فیور، اور کینسر کے مریض
وزارت کے مطابق، میڈیکل افسر عازمین کے فٹنس سرٹیفکیٹ کا حتمی فیصلہ کرے گا اور جو افراد سفر کے قابل نہ سمجھے جائیں، انہیں حج پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سعودی عرب میں قائم خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں بھی عازمین کے فٹنس سرٹیفکیٹس کی درستگی کی تصدیق کریں گی، تاکہ صرف صحت مند افراد ہی حج کی سعادت حاصل کر سکیں۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں