پاکستان میں سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ عالمی بلین مارکیٹ میں تیزی کے اثرات کے باعث مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت پہلی بار 5 لاکھ 51 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی، جبکہ عالمی سطح پر سونا 5,300 ڈالر فی اونس کی حد عبور کر گیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (APGJSA) کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 21,100 روپے کے نمایاں اضافے کے بعد 551,662 روپے کا ہو گیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 18,090 روپے بڑھ کر 472,961 روپے تک پہنچ گئی۔
واضح رہے کہ منگل کے کاروباری سیشن میں سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی تھی، جب فی تولہ سونا 1,500 روپے کم ہو کر 530,562 روپے پر آ گیا تھا، تاہم بعد ازاں عالمی مارکیٹ میں تیزی کے باعث قیمتوں میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں فی تولہ چاندی 271 روپے بڑھ کر 11,911 روپے ہو گئی، جو مقامی مارکیٹ میں اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 5,311.31 ڈالر فی اونس تک جا پہنچی، جبکہ اسپاٹ گولڈ کی قیمت 1.7 فیصد اضافے کے ساتھ 1605 GMT تک 5,278.28 ڈالر فی اونس رہی۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، امریکی ڈالر کی کمزوری، فیڈرل ریزرو کی پالیسی سے متعلق خدشات، مرکزی بینکوں کی مسلسل خریداری، جغرافیائی سیاسی تناؤ اور کرنسی کی گرتی ہوئی قدر سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تکنیکی طور پر مارکیٹ میں اوور بائنگ کے آثار کے باوجود سونے کا مجموعی رجحان بدستور تیزی کا شکار ہے۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں