امریکا میں جاری شدید برفباری اور سرد طوفان نے مختلف ریاستوں میں تباہ کن اثرات مرتب کیے ہیں، جہاں حادثات کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 65 ہو گئی ہے۔ شدید سردی کے باعث کئی علاقوں میں روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
مشرقی امریکا میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے کہیں نیچے چلا گیا ہے۔ شکاگو میں پارہ منفی 14 جبکہ کلیولینڈ میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، جس سے سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ٹینیسی اور مسیسیپی میں وقفے وقفے سے ہونے والی برفباری اور خراب موسم کے باعث ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو چکے ہیں، جبکہ بحالی کا کام جاری ہے۔
برفانی طوفان کے اثرات فضائی سفر پر بھی واضح ہیں۔ بدھ کے روز امریکن ایئر لائنز کی سیکڑوں پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ ایک ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔ ڈیلس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ پر برفباری اور بارش کے باعث فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئر لائنز نے فلائٹ آپریشن بحال رکھنے کے لیے عملے کو اضافی ڈیوٹیز انجام دینے پر ڈبل تنخواہ کی پیشکش کی ہے۔
،محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ نیویارک اور نیو جرسی میں شدید سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے
جبکہ آنے والے دنوں میں بعض ریاستوں میں مزید برفباری اور شدید سردی کا امکان ہے، جبکہ مشرقی ساحلی علاقوں میں طاقتور طوفان (بم سائیکلون) کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔
سرد موسم آئندہ ہفتے تک برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں