![]() |
| فائل فوٹو |
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے قومی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ میگا ایونٹ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں سابق کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو اس بار ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
اسکواڈ کی رونمائی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کی گئی، جس میں پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید، ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا اور وائٹ بال کے ہیڈ کوچ مائیکل ہیسن شریک تھے۔
سلمان علی آغا کی قیادت میں منتخب اسکواڈ میں فہیم اشرف، خواجہ محمد نافع، محمد سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان اور عثمان طارق کو پہلی بار کسی بڑے عالمی ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا موقع ملا ہے۔
اسکواڈ میں نو ایسے کھلاڑی شامل ہیں جو ماضی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا تجربہ رکھتے ہیں، جن میں بابر اعظم، فخر زمان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
20 ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 7 فروری سے 8 مارچ تک جاری رہے گا۔ پاکستان گروپ اے میں شامل ہے اور اپنے ورلڈ کپ سفر کا آغاز 7 فروری کو کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گا۔
ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی، جو 29 اور 31 جنوری اور یکم فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگی۔
پاکستان کا حتمی اسکواڈ:
سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ محمد نافع، محمد نواز، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، عثمان خان، عثمان طارق
دوسری جانب آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بنگلہ دیش کی شرکت کے بغیر کھیلا جائے گا، جس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا گیا ہے۔
اس فیصلے پر پاکستان کے وزیر داخلہ اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میں تمام ممالک کے ساتھ یکساں سلوک ہونا چاہیے۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں