![]() |
کراچی میں آتشزدگی سے متاثرہ گل پلازہ میں ریسکیو اور سرچ آپریشن تقریباً 80 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق متاثرہ عمارت کا ملبہ ہٹانے کا عمل تاحال جاری ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 71 تک پہنچ چکی ہے۔ ان میں سے 20 لاشوں کی شناخت براہِ راست جبکہ 13 افراد کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی گئی ہے۔ لاپتہ افراد کی فہرست میں اب تک 82 نام شامل کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران ملبے سے چار ڈی وی آرز برآمد ہوئے ہیں، جن سے آگ لگنے کی ممکنہ وجوہات جاننے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ طارق کے مطابق گل پلازہ سے اب تک 71 لاشیں اور انسانی باقیات منتقل کی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شدید جھلسنے کے باعث لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے کا عمل پیچیدہ ہو گیا ہے۔
ملبہ اٹھانے کے دوران ڈیڑھ کلوگرام سونا بھی ملا جو متعلقہ دکان کے مالک کے حوالے کر دیا گیا۔ اسی طرح تہہ خانے میں موجود ایک دکان سے ایک لاکھ روپے سے زائد نقد رقم برآمد ہوئی، جو کہ مالک کو واپس کر دی گئی۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں