![]() |
| فوٹو:الجزیرہ |
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں وائٹ ہاؤس میڈیا نمائندوں کے اعزاز میں منعقدہ پریس ڈنر کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، تاہم صدر ٹرمپ محفوظ رہے جبکہ حملہ آور کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ واشنگٹن کے ہلٹن ہوٹل میں منعقدہ عشائیے کے دوران پیش آیا، جہاں تقریباً 2600 سے زائد مہمان شریک تھے۔ تقریب کے آغاز کے کچھ ہی دیر بعد اچانک فائرنگ جیسی آواز سنائی دی، جس سے ہال میں بھگدڑ مچ گئی اور متعدد شرکا نے میزوں کے نیچے چھپ کر جان بچانے کی کوشش کی۔
سیکریٹ سروس اہلکار فوری طور پر متحرک ہوئے اور صدر ٹرمپ کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، جبکہ دیگر اہلکاروں نے موقع پر سکیورٹی سنبھال لی۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے بعد کئی اہلکاروں نے اسلحہ نکال کر داخلی راستوں کو گھیر لیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور مرکزی دروازے کے قریب میگنیٹو میٹر کی جانب بڑھا اور ایک سیکریٹ سروس اہلکار کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق مشتبہ شخص کی عمر 31 سال ہے اور وہ ریاست کیلیفورنیا کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن میں یہ ایک غیر معمولی شام تھی۔ انہوں نے سیکریٹ سروس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔
سکیورٹی حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ تقریب کے شرکا کو محفوظ طریقے سے باہر منتقل کر دیا گیا۔


تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں