راولپنڈی میں 22 ستمبر کو تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، جبکہ شہر کے اندر اور بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ بھی معمول کے مطابق چلتی رہے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ٹریفک اور راستوں کی صورتحال کے حوالے سے اہم وضاحت جاری کردی۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے مطابق ضلع میں تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، اس لیے اسکولز، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے معمول کے شیڈول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
اس صورتحال کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کے حوالے سے مختلف اطلاعات سامنے آ رہی تھیں، تاہم راولپنڈی انتظامیہ نے ضلع کے تعلیمی اداروں کے بارے میں واضح کردیا ہے کہ وہ 22 ستمبر کو معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان آمدورفت کے حوالے سے بھی صورتحال واضح کردی ہے۔ حکام کے مطابق دونوں شہروں کو ملانے والے تمام اہم راستے کھلے ہیں اور شہریوں کی آمدورفت جاری ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں کسی بڑی شاہراہ کو بند نہیں کیا گیا، جبکہ شہر کے اندر مختلف علاقوں کو آپس میں ملانے والے راستے بھی کھلے ہیں۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان رابطہ سڑکوں پر بھی آمدورفت بحال ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں سیکیورٹی انتظامات کے باعث 22 ستمبر سے 24 سرکاری تعلیمی اداروں کو عارضی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دستیاب رپورٹس کے مطابق ان اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں فی الحال معطل رہیں گی، جبکہ اضافی پولیس اہلکاروں کے لیے بعض سرکاری اسکولوں میں رہائش کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
فی الحال راولپنڈی میں تعلیمی سرگرمیاں، انٹرا سٹی اور بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں