اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں لانگ مارچ کے پیش نظر 24 سرکاری تعلیمی ادارے 22 ستمبر سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ا سلام آباد میں ممکنہ احتجاج اور لانگ مارچ کے باعث اضافی پولیس نفری کی رہائش کا انتظام بعض سرکاری اسکولوں میں کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے اسلام آباد کے 24 سرکاری تعلیمی اداروں کو عارضی طور پر بند کیا جا رہا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جن سرکاری تعلیمی اداروں کو بند کیا جائے گا وہاں فی الحال تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ طلبہ کی تعلیم کے تسلسل کے لیے آن لائن کلاسز یا متبادل تعلیمی ذرائع سے متعلق وفاقی نظامت تعلیم کی جانب سے تاحال کوئی پالیسی مرتب نہیں کی گئی۔
دوسری جانب اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات بھی سخت کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت کی مختلف اہم شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں، جبکہ پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کیے جانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے اعلانات کیے گئے ہیں۔ ممکنہ احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی اور ٹریفک کے حوالے سے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں