![]() |
| فوٹو بشکریہ جیو نیوز |
تھائی لینڈ میں جاری 58ویں ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک اسپورٹس چیمپئن شپ میں پاکستان کے بلال احمد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پاکستانی ایتھلیٹ بلال احمد نے پہلے 180 سینٹی میٹر ایتھلیٹک فزیک کیٹیگری میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا، جس کے بعد انہوں نے تمام ایتھلیٹک فزیک کیٹیگری کے مقابلے میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔
بلال احمد کی کامیابی کو پاکستانی باڈی بلڈنگ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ہونے والی 58ویں ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک اسپورٹس چیمپئن شپ میں ایشیا کے مختلف ممالک کے کھلاڑی شریک ہیں اور مختلف باڈی بلڈنگ، ایتھلیٹک فزیک، اسپورٹس فزیک اور دیگر کیٹیگریز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بلال احمد اس سے قبل بھی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈلز حاصل کر چکے ہیں۔ 2025 کی ایشین چیمپئن شپ میں بھی انہوں نے 180 سینٹی میٹر اسپورٹس فزیک کیٹیگری میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔
حالیہ کامیابی کے بعد بلال احمد نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے باڈی بلڈنگ ایتھلیٹس عالمی اور ایشیائی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں