سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے۔ کارروائی کے نتیجے میں کئی مسلح عناصر ہلاک جبکہ دیگر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے سرحد کے مختلف مقامات پر فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا، جس کے جواب میں پاکستانی فورسز نے باجوڑ کے ناوگئی سیکٹر اور خیبر کے تیراہ سیکٹر میں بھرپور کارروائی کی۔ چترال سیکٹر میں بھی دشمن کی ایک چیک پوسٹ کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق مہمند کے گرسال سیکٹر میں بھی جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا، جہاں پاکستانی فورسز نے متعدد چیک پوسٹیں تباہ کر دیں اور کم از کم تین جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا۔ اسی طرح باجوڑ کے علاقے میں دو مزید چوکیاں تباہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق درجنوں اہلکار ہلاک ہوئے۔
سکیورٹی حکام کے مطابق افغان طالبان نے کواڈ کاپٹر ڈرونز کے ذریعے پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم بروقت دفاعی اقدامات کے باعث تمام ڈرونز کو مار گرایا گیا۔ فورسز کی جانب سے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ جدید ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے دشمن کی پوزیشنز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن دعوے اور ویڈیوز گردش کر رہی ہیں، جنہیں حقائق کے منافی قرار دیا گیا ہے۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز سرحدی علاقوں کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور کسی بھی جارحیت کا فوری اور سخت جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
علاوہ ازیں اطلاعات کے مطابق افغان جانب سے کی گئی گولہ باری کے دوران باجوڑ میں ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا، جس سے عمارت کی چھت اور دیگر حصے متاثر ہوئے۔ حکام نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بلااشتعال کارروائی قرار دیا ہے۔
افغان طالبان رجیم کے 44 سے زائد اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔
افغان طالبان کی کواڈ کاپٹر کے ذریعے پاکستانی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی ناکام کوشش
پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے تمام کاڈ کاپٹرز گرا دیے گئے،
پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ذریعے گولہ باری جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہوائی ڈرونز کے ذریعے بھی چن چن کر افغان طالبان ریجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں