محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق اگلے48سے72 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مختلف علاقوں میں تیز بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔
حالیہ بارشوں کے باعث تربیلا ڈیم اپنی مکمل گنجائش کا تقریباً 81.58 فیصد اور منگلا ڈیم 77.47 فیصد بھر چکا ہے ۔
موسلادھار بارشوں کے باعث اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے اضلاع لورالائی، قلات،سبی ،مکران ،نصیرآباد میں ندی نالوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان میں ہل ٹورنٹ کا خطرہ ہے۔
اسی طرح دریائے کابل سے منسلک ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کی وجہ سے خیبرپختونخوا ،گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ، فلیش فلڈنگ اور موسمی نالوں طغیانی کا خدشہ برقرار رہے گا۔ جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں ہل ٹورنٹ کا خطرہ برقرار ہے، اسی طرح دریائوں میں تیز بہائو اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ ممکنہ خطرات کے تدارک کیلئے عوام کی پیشگی اطلاع وحفاظتی تدابیر کی تشہیر کی جائے۔ حساس علاقوں کی جانب ٹریفک کی منظم نگرانی کی جائے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مشینری تیار رکھیں۔ نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کی نقل مکانی کیلئے انتظامات کیے جائیں۔ اور عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیا ر کریں۔ اور بلا ضرورت پہاڑی علا قوں جہاں لینڈ سلائینڈگ کا خطرہ ہو، وہاں کا سفر مت کریں۔

تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں