چین کے نائب وزیراعظم اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن ہی لی فینگ اتوار کو تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق چینی نائب وزیراعظم کے دورے کےدوران 31 جولائی اور یکم اگست (پیر اور منگل ) کو تمام سرکاری و نجی سکول، کالج اور یونیورسٹیاں ،تمام نجی دفاتر اور کمپنیاں بند رہیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام شاپنگ سینٹرز، دکانیں اور کمرشل بینک بھی بند رہنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق: ’یہ دورہ سی پیک کے 10 سال پورے ہونے پر حکومت پاکستان کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران چین کے نائب وزیراعظم سی پیک کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔‘
دفتر خارجہ نے بتایا کہ دورے کے دوران چین کے نائب وزیراعظم صدر پاکستان عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ وہ سی پیک کو ایک دہانی مکمل ہونے سے متعلق تقریب میں مہمان خصوصی بھی ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق چین کے نائب وزیراعظم گوادر کا دورہ بھی کریں گے اور سی پیک کے دیگر منصوبوں کی پیش رفت بھی دیکھیں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق: ’نائب وزیراعظم ہی لی فینگ نے چین کے بین الاقوامی اقتصادی تعلقات اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے نفاذ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جن میں سے چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک اہم منصوبہ ہے۔ نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن (23-2017) کے چیئرمین کے طور پر انہوں نے پاکستان میں سی پیک کے متعدد منصوبوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔‘
توقع کی جارہی ہے کہ یہ دورہ کامیاب جائے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
تحریر کے بارے میں اپنی رائے بھیجیں